معاشی طور پر کمزور اور مزدور پیشہ افراد کو سردی سے محفوظ رکھنے کی کوشش کریں




محمد خالد

سردی کا موسم شروع ہو چکا ھے. اس کے ساتھ ہی کورونا وائرس کی وبا میں بھی ایک بار پھر شدت آ رہی ھے. دہلی اور دیگر بڑے شہروں میں کووڈ متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ھے جو کہ انتہائی تشویش کی بات ھے. حکومت و محکمہ صحت کی جانب سے احتیاط برتنے کی ہدایات کے ساتھ ہی تنبیہ کی جا رہی ھے کہ ٹھنڈ بڑھنے کے ساتھ ساتھ کورونا وبا کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا لہٰذا لوگ ٹھنڈ سے محفوظ رہنے کا پورا اہتمام کریں. حکومت کے ذریعہ بہتر سے بہتر انتظامات کئے جانے کا عمل جاری ھے مگر چونکہ ابھی تک کورونا مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے کوئی دوا وجود میں نہیں آئی ھے اس لئے بس احتیاط ہی کے ذریعہ کورونا مرض سے تحفظ کی کوشش کی جا سکتی ھے. 

اس صورتحال میں ہم سب کی دینی اور معاشرتی ذمہ داری ھے کہ اپنے اپنے گھر کے افراد کو سردی اور کووڈ 19 وبا سے بچانے کے لئے مناسب بندوبست کرنے کے ساتھ ہی اپنے آس پاس کے سبھی شہریوں کو خصوصاً معاشی طور پر کمزور اور مزدور پیشہ افراد کو سردی سے محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش کریں


. ملک کی تقریباً ایک تہائی آبادی خط افلاس سے نیچے زندگی گزارنے والوں پر مشتمل ھے جس کی بڑی اکثریت شمالی ہند میں موجود ھے اور اس علاقے میں ہی سردی کا شدید موسم ہوتا ھے. 


اللہ کا شکر و احسان ھے کہ ملک میں فلاحی کاموں کو انجام دینے کے لئے بڑی تعداد میں تنظیمیں اور ادارے موجود ہیں جن کے ذریعہ معاشرے کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جاتی رہی ھے. سردی کے موسم میں ہر سال لحاف، سوئٹر اور جیکٹ وغیرہ کی فراہمی کا نظم کیا جاتا رہا ھے مگر اس سال سردی کے موسم میں کورونا وبا سے بھی تحفظ کے لئے  ضرورت مند، معاشی طور پر کمزور افراد کی رہائش گاہوں کو بھی ترپال، لوہے و پلاسٹک کی چادر وغیرہ کی فراہمی کے ذریعہ تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کرنے کی اشد ضرورت ھے تاکہ ان افراد کی بے سر و سامان رہائش گاہوں کو سردی کی شدت اور نقصانات سے بچنے کا موقع حاصل ہو سکے. جن تنظیموں اور اداروں کے ذریعہ وقتاً فوقتاً مفت میڈیکل کیمپ لگائے جاتے ہیں ان کے ذریعے غربت کی شکار آبادیوں میں زیادہ سے زیادہ میڈیکل کیمپ لگائے جائیں جن میں خاص طور پر کورونا وبا سے تحفظ فراہم کرنے والی دواؤں کو تقسیم کرایا جائے اور ان ناخواندہ افراد کو سردی سے بچنے کے طور طریقوں سے بھی واقف کرایا جائے. 

اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو. 

 ایشو، بانی سکریٹری جنرل. انسٹیٹیوٹ فار سوشل ہارمونی اینڈ اپلفٹمنٹ(ایشو) . لکھنؤ.94

ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی