دھان کی خریداری میں کسی بھی سطح پر تساہلی برداشت نہیں کی جائے گی

 



ریاستی حکومت سہارا قیمت اسکیم کے تحت کسانوں سے دھان کی براہ راست خریداری کے لئے سنجیدہ: وزیر اعلیٰ
لکھنو 
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاستی حکومت سہارا قیمت اسکیم کے تحت کسانوں سے دھان کی براہ راست خریداری کرنے میں ریاستی حکومت سنجیدہ ہے۔ ریاستی حکومت کے لئے کسانوں کے مفاد کو اولیت حاصل ہے۔ اس کے پیش نظر دھان خریداری میں کسی بھی سطح پر تساہلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کسانوں کے مفاد کو نظرانداز کرنے والوں کی جوابدہی طے کرتے ہوئے ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلی آج یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پرایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دھان خریداری بندوبست کا جائزہ لے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے اب تک ڈیڑھ گنا زیادہ دھان کی خریداری ہوئی ہے۔ اس کے باوجود کاشتکاروں کے وسیع تر مفادات کے پیش نظر خریداری کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ ایم ایس پی کے تحت دھان کی خریداری کے لئے 4200 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اگر ضرورت ہو تو اضافی خریداری مراکز بھی قائم کیے جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ دھان خریداری کرنے والی سبھی ایجنسیاں مکمل شفافیت کے ساتھ کام کریں۔ دھان کی خریداری کے عمل میں کسی قسم کی تساہلی نہیں ہونی چاہئے۔ دھان خریداری مراکز پر من مانی نہیں ہونی چاہئے۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دھان خریداری مراکز وقت سے چلائے جائیں۔ کاشتکاروں کو ان کی پیداوارکی ادائیگی 72 گھنٹوں کے اندر کردی جائے۔ دھان خریداری کے عمل پر نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمشنر زرعی پیداوارکو یومیہ اس کا جائزہ لینا چاہئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مارکیٹ میں آنے والا سارا دھان خریداجائے۔ محکمہ امداد باہمی کے ذریعہ دھان کی خریداری میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے محکمہ امداد باہمی کے سینئر افسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں تعینات اپنے افسران کے کاموں کی مانیٹرنگ کریں اور دھان خریداری میں تساہلی برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ غذاءکے ذریعہ بھی اضلاع میں چل رہے اپنے دھان خریداری مراکز کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔
وزیر زراعت جناب سوریہ پرتاپ شاہی ، وزیر طبی تعلیم جناب سریش کھنہ ، چیف سکریٹری جناب آر کے تیواری ،کمشنر انفراسٹرکچر و صنعتی ترقیات جناب آلوک ٹنڈن ، کمشنرزرعی پیداوار جنابب آلوک سنہا ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ جناب اونیش کمار اوستھی ، ڈائریکٹر جنرل پولیس جناب ہیتش سی اوستھی، ایڈیشنل چیف سکریٹری مالیات جناب سنجیو متل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو محترمہ رینوکا کمار ، ایڈیشنل چیف سکریٹری ایم ایس ایم ای و اطلاعات جناب نونیت سہگل ، ایڈیشنل چیف سکریٹری طبی تعلیم ڈاکٹر رجنیش دوبے ، ایڈیشنل چیف سکریٹری صحت جناب امت موہن پرساد ، ایڈیشنل چیف سکریٹری زراعت جناب دیویش چترویدی ، ایڈیشنل چیف سکریٹری پنچایتی راج و دیہی ترقیات جناب منوج کمار سنگھ ، پرنسپل سکریٹری وزیر اعلیٰ و اطلاعات جناب سنجے پرساد ، پرنسپل سکریٹری مویشی پروری بھونیش کمار ، سکریٹری صحت جناب آلوک کمار ،سکریٹری وزیر اعلیٰ جناب آلوک کمار ، ڈائریکٹر اطلاعات جناب ششرسمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے۔




جدید تر اس سے پرانی