بہار کے دینی مدارس میں مانو اور اقوام متحدہ کے تعلیمی پراجکٹ کی ستائش





صدر مدرسین کے اورینٹیشن کا پٹنہ میں افتتاح ۔ ناظم اعلیٰ ،امارات شریعہ ،مولانا شبلی قاسمی کا خطاب
حیدرآباد  مولانا شبلی قاسمی، ناظم اعلیٰ ، امارت شریعہ، بہار، جھارکھنڈ و اڈیشہ نے دینی مدارس میں تعلیمی پروگرام برائے نوبالغان (اے ای پی) جیسی سرگرمیوں کے آغاز پر خوشگور حیرت کا اظہار کیا۔ وہ کل بہار کے مدارس میں اقوام متحدہ آبادی فنڈ (یو این ایف پی اے) کے تعلیمی پروگرام برائے نوبالغان (اے ای پی) کے تحت مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے چلائے جارہے مدارس کے صدر مدرسین کے اورینٹیشن پروگرام کے افتتاحی اجلاس میںشریک تھے۔ انہوں نے پراجیکٹ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور صدرنشین، بہار مدرسہ بورڈ کی خدمات کی بھی ستائش کی۔
 پانچ روزہ اورینٹیشن پروگرام 25 تا 27 اور 29 تا 30 نومبر کو یوتھ ہاسٹل، پٹنہ میں منعقد کیا جارہا ہے۔ پروگرام کے پہلے دن سیتا مڑھی اور سیوہر کے صدر مدرسین نے شرکت کی۔
جناب عبد القیوم انصاری، صدر نشین، بہار مدرسہ تعلیمی بورڈ نے تربیت حاصل کر رہے صدر مدرسین کو اس پروگرام کو کامیاب بنانے اور اس کے نفاذکو یقینی بنانے کے لیے اپنا تعاون دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ بہار مدرسہ تعلیمی بورڈ، مدارس کی بہتری اور اس کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ بہار حکومت، بورڈ کو مدارس کے مسائل کے حل کرنے کے لیے مسلسل تعاون فراہم کر رہی ہے اور بہت سارے مسائل کے حل اور ضروریات کی تکمیل کے لیے حکومت نے ہدایات بھی جاری کردی ہیں۔مدارس کو مراعات فراہم کرنے کے لیے بورڈ حکومت کا شکر گذار ہے۔
پروفیسر محمد فیض احمد ، پرنسپل، مانو سی ٹی ای دربھنگہ و پراجیکٹ کو آرڈینیٹر نے تعلیم کی موجودہ صورت حال اور ملک و قوم کی تعلیمی پسماندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلم اورد لت نوجوانوں کی تعلیمی صورت حال پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے مدرسہ کے اساتذہ کی ذمہ داریوں اور تدریسی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ہوئے انہیں نئی تدریسی حکمت عملیوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔
پروفیسر محمد شاہد، شعبہ سوشل ورک (مانو) و پراجیکٹ ڈائرکٹر نے پراجیکٹ کا تعارف پیش کیا اور صدر مدرسین سے اس پراجیکٹ کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں کو واضح کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب صدر مدرسین اس پراجیکٹ کو اپنے مدارس میں نافذ کریں گے تو یہ انقلاب کا پیش خیمہ ہوگا۔
اورینٹیشن پروگرام میں شریک صدر مدرسین نے اپنے تاثرات میں تعلیمی پروگرام برائے نوبالغان کو کامیاب بنانے کا وعدہ کیا۔افتتاحی اجلاس میں یو این ایف پی اے کی پروگرام مینیجر محترمہ نیہا ملک بھی موجود تھیں۔ نظامت کے فرائض ریسرچ فیلو شفیق احمد، ریسرچ اسکالر، شعبہ سوشل ورک نے انجام دئیے۔ تلاوت کلام پاک و نعت سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ 



ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی