اے ایم یو میں یوم آئین منایا گیا

 



علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)میں آج یوم آئین منایا گیا۔ اس سلسلہ میں ایڈمنسٹریٹیو بلاک میں منعقدہ تقریب میں اے ایم یو رجسٹرار مسٹر عبدالحمید آئی پی ایس نے آئین ہند کی تمہید کو پڑھا اور حاضرین کو آئین کا حلف دلایا۔ اس موقع پر سبھی انتظامی دفاتر و شعبوں کے سربراہان موجود تھے۔ 

رجسٹرار موصوف نے کہاکہ آئین ہند عمدہ حکمرانی کا ایک مضبوط ستون ہے ۔ انھوں نے آئین میں مذکور بنیادی حقوق اور ذمہ داریوں کا بھی ذکر کیا۔ 

یوم آئین پر آن لائن مذاکرہ اور ویبینار کا بھی اہتمام کیا گیا۔ سرسید ہال نارتھ میں پرووسٹ پروفیسر کے اے ایس ایم عشرت نے حاضرین کو حلف دلایا اور آئین ہند کی تمہید کو پڑھا۔ اس موقع پر کووِڈ 19 سے متعلق رہنما ہدایات کا خاص لحاظ رکھا گیا۔ 

دوسری طرف سید حامد سینئر سکنڈری اسکول میں کارگزار وائس پرنسپل ڈاکٹر صبیحہ عبدالسلام نے تدریسی اور غیرتدریسی عملہ کے سامنے آئین ہند کی تمہید کو پڑھا اور اپنی تقریر میں آئین ہند کے معماروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسی طرح یونیورسٹی کی این سی سی یونٹ میں بھی یوم آئین منایا گیا۔ این سی سی رضاکاروں نے وزیر اعظم شری نریندر مودی کے ذریعہ آئین ہند کی تمہید کو پڑھے جانے کی آن لائن تقریب میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر بنیادی حقوق و ذمہ داروں کے موضوع پر پوسٹر سازی اور سلوگن رائٹنگ مقابلہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ 


قومی تعلیمی پالیسی پر سیمینار اور مرکزی وزیر تعلیم کے بدست کتاب کا اجراءتین دسمبر کو

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے زیر اہتمام ’قومی تعلیمی پالیسی-2020‘ کے موضوع پر ایک ای- سیمینار کا انعقاد تین دسمبر کو کیا جارہا ہے ، جس سے مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نِشنک خطاب کریں گے اور ان کے بدست پروفیسر ایم سجاد اطہر اور پروفیسر ایس کے سنگھ (سابق وائس چانسلر، گڑھوال سنٹرل یونیورسٹی) کی کتاب ”دَفزکس آف نیوٹرینو اِنٹرایکشنس“ (کیمبرج یونیورسٹی پریس، جولائی 2020ئ) کا اجراءبھی عمل میں آئے گا۔

اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور ابتدائی کلمات ادا کریں گے۔ پروفیسر ایس کے سنگھ قومی تعلیمی پالیسی پر گفتگو کریں گے، پھر یوجی سی چیئرمین پروفیسر ڈی پی سنگھ کا خطاب ہوگا۔ سیمینار کے تکنیکی سیشن میں پروفیسر قاضی مظہر علی (ڈین ، فیکلٹی آف سائنس، اے ایم یو) اور پروفیسر نسرین (صدر، شعبہ¿ تعلیم) خطاب کریں گے۔





جدید تر اس سے پرانی