علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی(اے ایم یو) میں تعلیمی سال 2020-21 کے لئے گیارہویں جماعت( سائنس) و ڈپلوما انجینئرنگ کا مشترکہ داخلہ امتحان اور گیارہویں جماعت(ہیومنیٹیز و کامرس)کا داخلہ امتحان آج اے ایم یو سمیت ملک میں مختلف مقامات پر بنائے گئے امتحانی مراکز پرخوش اسلوبی کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس دوران کووِڈ 19 کی وبا کے سلسلہ میں حکومت ہند کی رہنما ہدایات پر پوری طرح عمل کیا گیا۔
علی گڑھ کے علاوہ لکھنو¿، میرٹھ، بریلی ، کولکاتہ، پٹنہ، کشن گنج اور سری نگر میں مختلف مراکز پر داخلہ امتحان منعقد ہوا۔ پہلے میقات میں صبح دس بجے سے دوپہر بارہ بجے تک منعقدہ گیارہویں جماعت(سائنس) و ڈپلوما انجینئرنگ کے داخلہ امتحان میں 32239 درخواست دہندگان میں سے 18176 امیدوار شامل ہوئے۔
اے ایم یو پرو وائس چانسلر پروفیسر ظہیرالدین نے کنٹرولر امتحانات کے او ایس ڈی پروفیسر اعجاز مسعود اور پروفیسر فیصل حسن کے ہمراہ اے ایم یو کیمپس اور اس کے باہر واقع چنندہ امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانات کا جائزہ لیا۔ پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی نے بھی مراکز کا دورہ کیا۔
علی گڑھ اور باہر کے امتحانی مراکز پر سینئر اساتذہ کو مشاہد اور انچارج مقرر کیا گیا تھا۔ ضلع انتظامیہ نے بھی داخلہ امتحانات کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لئے ہر طرح کی مدد مہیا کرائی۔ امیدواروں کے سرپرستوں نے تعاون و رہنمائی کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔
٭٭٭٭٭٭