علی گڑھ مسلم ےونیورسٹی کے حاصلات پر بین الاقوامی ویبیناراختتام پذیر
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خان کی زندگی، تعلیمی اور معاشرتی اصلاحات، مختلف مراحل میں محمڈن اینگلو اورینٹل (ایم اے او) کالج کی ترقی کو نماےاں کرنے والی اشےا پر مشتمل اےک میوزیم دہلی مےں قائم کےا جائے گا۔ یہ اعلان آج ممتاز صنعت کار اور انڈےن اسلامک کلچرل سےنٹر کے صدر مسٹرسراج الدین قریشی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قیام اور اس کے حاصلات کے تعلق سے سرسید اکیڈمی کے زیر اہتمام اے ایم یو سینٹینری انٹرنیشنل ویبنار کے اختتامی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کےا۔
انہوں نے کہا کہ سرسید صرف ایک عام ماہر تعلیم، تاریخ داں، ادیب اور قانون داں نہیں تھے بلکہ غیر معمولی معاشرتی اصلاح پسندوں، سیکولر قوم پرستوں اور جدید ہندوستان کے سب سے اہم معمار میں سے ایک تھے اور دہلی کے عوام کو سرسید کی زندگی اور کاموں سے متعارف کروانے کے لئے جدید میوزیم کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے۔
اپنے صدارتی خطاب میں اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ ہم میوزیم پروجےکٹ کے لئے مسٹر قریشی کو ضروری مدد اور تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرسید کو ےاد کرنا صرف اے ایم یو کے لئے نہیں بلکہ پوری قوم کے تعلیمی فروغ کے تعلق سے بامعنی ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ دو روزہ ویبنار میں مختلف سیشنوں میں اے ایم یو کی حاصلات پر لگ بھگ50 مقالے پیش کیے گئے اور پروگرام کی پوری کارروائی کوکتاب کی شکل میں شائع کیا جائے گا۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سرسید اکیڈمی نے مثالی کام کیا ہے جس میں ےونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات کے تحت اے ایم یو کی تاریخ سے متعلق کتابوں کی اشاعت بھی شامل ہے۔ انہوں نے سرسید اکیڈمی کے ڈائرےکٹر سے اہم کتابوں اور ادب کا ترجمہ شروع کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ سرسید اکیڈمی میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کا بھی منصوبہ ہے اور اس پر غور کیا جارہا ہے۔
استقبالیہ خطبہ میں سرسید اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر علی محمد نقوی نے کہا کہ اے ایم یو ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کے عناصر ترکیب مےں شامل ویدانت اور اپنیشدوں، صوفی سنتوں اور ہندوستانی تکثیریت کی نمائندگی کرنے والے دیگر عناصر کی نمائندگی کرتا ہے۔
سرسید اکیڈمی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شاہد نے مہمانوں کا تعارف کراتے ہوئے ایم اے او کالج کے قیام سے لے کر آج تک ملک میں اعلی تعلیم کی توسیع میں اے ایم یو کے کردار کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر سید حسین حیدر نے پروگرام کی نظامت کی۔