لکھنو اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مکر سنکرانتی اور کھچڑی پر لوگوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
آج یہاں جاری ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مکر سنکرانتی کا تہوار ملک کے مختلف حصوں میں مختلف شکلوں میں منایا جاتا ہے۔ یہ تہوار ہمارے ملک کی مستحکم وراثت اور ثقافت کی مشترکہ علامت ہے۔
مکر سنکرانتی اور کھچڑی کے تہوار کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے اپیل کی ہے کہ وہ سبھی رسومات میں کووڈ 19 کے پروٹوکال اور سوشل ڈسٹنسنگ پر پوری طرح عمل کریں۔
غور طلب ہے کہ مکر سنکرانتی کو پورے ہندوستان میں مختلف شکلوں میں منایا جاتا ہے۔اترپردیش اور بہار سمیت مختلف ریاستوں میں اسے کھچڑی کے تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔
مکر سنکرانتی پر سوریہ دیو کی راشی میں ہونے والی تبدیلی اندھیرے سے روشنی کی طرف بڑھنے کی علامت ہے۔ یہ بات مشہور ہے کہ سورج حرارت میں اضافہ سے انسانوں کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔اس لئے پورے ہندوستان میں لوگ اس موقع پر مختلف شکلوں میں سوریہ دیو کی پوجا کرتے ہیں۔ مکر سنکرانتی کے موقع پر مقدس ندیوں اور تالابوں میں اسنان ، پوجا -ارچنا اوردان کی خصوصی اہمیت ہے۔
٭٭٭٭٭٭ سلیم نازش