جے این میڈیکل کالج کے ڈسٹرکٹ ارلی اِنٹرونشن سنٹر نے میڈیکل افسروں کے لئے ٹریننگ پروگرام کا اہتمام کیا

علی گڑھ: جے این میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈسٹرکٹ ارلی اِنٹرونشن سنٹر - سنٹر آف ایکسیلنس نے راشٹریہ بال سواستھ کاریہ کرم (آر بی ایس کے) کے تحت علی گڑھ ضلع کے میڈیکل افسران کے لئے ایک آن لائن تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا جس میں انھیں پیدائش کے وقت بچوں میں نظر آنے والے نقص کی شناخت اور اس سلسلہ میں طبی اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی۔ پروگرام کا مقصد بلاک سطح پر بچوں کے اندر ابتدائی پیدائشی نقائص کی شناخت، آر بی ایس کے کے تحت انھیں طبی سہولیات کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی مہارت میں اضافہ کرنا تھا۔ یہ تربیتی پروگرام سنٹر کے اعزازی مشیر پروفیسر تبسم شہاب، کنوینر پروفیسر کامران افضل اور نوڈل افسر ڈاکٹر عظمیٰ فردوس کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ پروفیسر کامران افضل نے افتتاحی خطبہ پیش کیا اور میڈیکل افسروں کو بتایا کہ بچوں میں پیدائشی نقائص کو سماجی رسوائی کا باعث سمجھا جاتا ہے جب کہ بیماری کے معقول علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر عظمیٰ فردوس نے ابتدائی سیشن میں مختلف پیدائشی نقائص کے بارے میں بتایا اور ان کی جلد تشخیص پر زور دیا۔ ماہر امراض اطفال ڈاکٹر گلناز نادری ، میڈیکل افسر ڈاکٹر محمد راشد اقبال اور ڈینٹل سرجن ڈاکٹر محمد نوید الرحمٰن نے مختلف امراض کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ تین اکیڈمک سیشن کے بعد ماہرین نے میڈیکل افسروں کے سوالوں کے جواب دئے۔ چھٹے سیشن میں پروفیسرتبسم شہاب نے ڈسٹرکٹ ارلی اِنٹرونشن سنٹر - سنٹر آف ایکسیلنس کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے کہاکہ ہمارا مقصد سماج کے کمزور طبقات کو طبی مدد فراہم کرنا ہے۔ اکیڈمک سیشن کے بعد ٹریننگ کوآرڈنیٹر مسٹر محمد احمد نے نومولود بچوں میں طبی نقائص کے سلسلہ میں بلاک سطح پر بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں محمد انور صدیقی نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
جدید تر اس سے پرانی