وطن سے محبت کرنا ایمان کا جز ہے

بارہ بنکی: قمر فاؤنڈیشن اتر پردیش کے زیر اہتمام مدرسہ قمر العلوم رمضانیہ بھٹوامو نگر پنچایت بلہرہ میں عظیم مجاہد آزادی سبھاش چندر بوس کی جینتی کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں فاؤنڈیشن کے سرپرست مولانا معراج احمد قمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اپنے وطن سے محبت کرنا ایمان کا جز ہے اس لیے ہر ہندوستانی کا فرض ہے کہ وہ ملکی اتحاد اور سالمیت کے لئے ہر وہ کام کرے جو اس کی دسترس میں ہے،امن و اخوت بھائی چارہ ملک کی ترقی کی ضمانت ہے اور تفرقہ تنزلی کا باعث ہوگا۔ انہوں نے جلسے میں موجود عوام طلبہ و اساتذہ سے اپیل کی کہ مذہب کی بنیاد پر کسی سے نفرت نہ کریں کیونکہ اسلام میں اس کی ممانعت ہے اور اسلام کا مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود ہے ،جیسا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں تعلیم فرمائی ہے اسی طریقے پر ہمیں زندگی بسر کرنی چاہیے۔ رکن جماعت اسلامی ہند حافظ عبدالحئی نے اپنے خطاب میں قومی یکجہتی کے فروغ اور ہندو مسلم اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ اتحاد ملک اور ملت دونوں کا شیرازہ منتشر ہوجائے گا جو ملک کے دشمنوں کا اولین مقصد ہے اس لئے ہم سب کو چاہیے ملک کے تحفظ کے لئے ہم سب سینہ سپر ہوکر دشمنان ملک کے سامنے آہنی دیوار بن جائیں۔ مولانا رحمت علی ندوی نے مجاہدین آزادی اور نیتا جی سبھاش چندر بوس کی قربانیوں پر روشنی ڈالی ۔ناظم مدرسہ مولانا نصیر الحسن قاسمی نے کہا کہ مذہب اور قرقے کے نام پر کسی سے نفرت کرنا اسلام کے خلاف ہے، ہمیں اسلام کی صحیح تصویر برادرانِ وطن کے سامنے پیش کرنی چاہئے اور اخلاق حسنہ سے ان کے قلوب کو مائل کرنا چاہئے یہ وقت کا اصل تقاضہ ہے۔ اس موقع پر صحافتی خدمات کے اعتراف میں نمائندہ انقلاب عظمت علی "مولانا سراج قمر" ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ جلسے میں مدرسہ ھٰذا کے طلباء نے مختلف پروگرام پیش کیا جن کو فاؤنڈیشن کی جانب سے انعامات سے نواز کر حوصلہ افزائی کی گئی ۔ اس موقع پر قاری سراج احمد، حافظ عظیم، سبھاسد قدیر خاں، سبھاسد شاویذ خاں، حافظ محمد ادیب، حافظ محمد عالم، ارشد خان، اظہار احمد، ندیم انصاری، شاہد علی صدیقی، محمد قاسم وغیرہ موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Please Select Embedded Mode To Show The Comment System.*

جدید تر اس سے پرانی