علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کمپیوٹر سائنس شعبہ کی جانب سے ایک ویب ٹاک منعقد کیا گیا جس میں شعبہ کے ریسرچ اسکالر محمد فاروق نے طلبہ و طالبات کو یوجی سی نیٹ جے آر ایف میں کامیابی حاصل کرنے کے گُر بتائے۔
انھوں نے کہاکہ خواہشمند طلبہ کو نیٹجے آر ایف میں کامیابی کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے منصوبہ بند طریقہ سے تیاری کرنا چاہئے ۔ انھوں نے پچھلے برسوں کے سوالات کا باریکی سے جائزہ لینے، بنیادی موضوعات پر گرفت حاصل کرنے اور ٹسٹ کی مشق کرنے پر زور دیا۔ انھوں نے کہاکہ مثبت رویہ کا بھی ہونا ضروری ہے تاکہ وقتی ناکامی سے مایوسی نہ پیدا ہو۔ انھوں نے تیاری کے لئے دستیاب آن لائن وسائل کے بارے میں بھی بتایا۔
اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر شعبہ پروفیسر رفیق الزماں خان نے کہاکہ نیٹ جے آر ایف میں کامیابی کے لئے شعبہ میں طلبہ و طالبات کی معقول رہنمائی کی جارہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ شعبہ کے بیس طلبہ نے نیٹجے آر ایف میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پروگرام کوآرڈنیٹر ڈاکٹر فیصل انور اور ڈاکٹر محمد ندیم نے کہاکہ نیٹ جے آر ایف کے سلسلہ میں کئی ویب ٹاک منعقد کئے گئے ہیں جن سے اس مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری میں طلبہ کو مدد مل رہی ہے۔ ڈاکٹر محمد ساجد نے اظہار تشکر کیا۔