ر
حیدرآباد، 29 مارچ (پریس نوٹ) ”ذرائع ابلاغ کی خواندگی (میڈیا لٹریسی) کوئی علاقائی یا قومی رجحان نہیں ہے، بلکہ یہ عالمی چیلنج اور بنیادی انسانی حق ہے۔“ اس خیال کا اظہار محترمہ ٹیسا جولس، صدر و سی ای او، سنٹر فار میڈیا لٹریسی، کیلیفورنیا، امریکہ نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں مانو نالج سیریز کے تحت اپنے آن لائن خطاب میں کیا۔ انسٹرکشنل میڈیا سنٹر کے تیسرے نالج سیریز لیکچر کا گذشتہ جمعہ کو اہتمام کیا گیا جس کا عنوان ”میڈیا خواندگی: ایک بنیادی انسانی حق“ تھا۔
محترمہ جولس نے اپنے لیکچر میں ذرائع ابلاغ کی خواندگی کی مختلف جہتوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی پراڈکٹ مفت دستیاب ہوتا ہے تو سمجھ لیں کہ صارفین خود ہی اس کے پروڈکٹ ہیں۔ انہوں نے میڈیا لٹریسی کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے مثال پیش کی کہ کس طرح ایک سادہ سی آٹوموبائل اب مواد جمع کرنے کی مشین بن گئی ہے۔ ”ذرائع ابلاغ کی خواندگی: ایک بنیادی انسانی حق“ جیسا موضوع، نہایت اہم ہے۔
پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، وائس چانسلر انچارج نے صدارتی خطاب میں کہا کہ ”علم طاقت ہے“ ۔ انہوں نے میڈیا سنٹر کو بین الاقوامی سطح کی ہستیوں کے لیکچر کے انعقاد کے لیے مبارکباد دی۔ انہوں نے محترمہ ٹیسا جولس کی بھی ستائش کی کہ کس طرح انہوں نے میڈیا لٹریسی کی نہایت وضاحت کے ساتھ تشریح کی۔
پروفیسر صدیقی محمد محمود، رجسٹرار انچارج نے کہا کہ بنی نوع انسان کی مجموعی شعوری ترقی میں ارتقاءکی کافی اہمیت ہے اور میڈیا لٹریسی اس میں اہم رول ادا کرتی ہے۔
جناب رضوان احمد، ڈائرکٹر میڈیا سنٹر نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ ، ایک ایسی ڈیجیٹل دنیا میں ، جو میڈیا کے اصولوں کو تیزی سے از سر نو مرتب کررہی ہے، ذرائع ابلاغ کی خواندگی کو بنی نوع انسان کی شعوری ترقی کے حصول کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جناب عمر اعظمی، کوآرڈینیٹر پروگرام و پروڈیوسر نے کاروائی چلائی۔ جناب امتیاز عالم، ریسرچ آفیسر نے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام آئی ایم سی کے یوٹیوب چیانل کے بشمول مانو کے سوشیل میڈیا ہینڈلس پر راست دکھایا گیا۔