اے ایم یو کی سابق طالبہ نے آئی سی سی آر کے بین الاقوامی ویڈیو بلاگنگ مقابلہ میں اوّل انعام جیتا
علی گڑھ،: کشمیر کی وادیوں میں تنہا سفر کرنے، دہلی میں انواع و اقسام کے لذیذ پکوان کی تلاش اور راجستھان کے تاریخی شہروں کی خاک چھاننے کا شوق رکھنے والی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ترسیل عامہ کی سابق طالبہ ، ماریشس کی مدوح آمنہ امّ تسنیم نے اپنے ایک مختصر ویڈیو میں ہندوستان کی تہذیب و تاریخ اور رنگ برنگی زندگی کو خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے، جسے انڈین کونسل فار کلچرل رلیشنز (آئی سی سی آر) کے انٹرنیشنل ویڈیو بلاگنگ مقابلہ میں اوّل انعام سے نوازا گیا ہے۔ یہ انعام دو ہزار امریکی ڈالر پر مشتمل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اے ایم یو کے شعبہ ترسیل عامہ میں متعدد غیرملکی طلبہ و طالبات داخلہ لیتے ہیں اور ماریشس کے کئی طلبہ نے یہاں سے تعلیم حاصل کی ہے۔ شعبہ کے استاد پروفیسر شافع قدوائی نے بتایا کہ نامور صحافی اور مصنف مریم غودار اسی شعبہ سے تعلیم یافتہ ہیں۔
صدر شعبہ پروفیسر پرتیباس پردھان نے تسنیم کو بین الاقوامی حیثیت کے حامل مقابلہ میں اوّل انعام ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ تسنیم کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ ان کا سفری تجربہ جو ایک ویڈیو بلاگ کے لئے تیار کیا گیا تھا ، ان کی مادرِ علمی اے ایم یو کے لئے توصیف و ستائش کا باعث بنے گا اور انھیں آئی سی سی آر کے ویڈیو بلاگنگ مقابلہ ”مائی اِمپریشنس آف انڈیا“ میں اوّل انعام حاصل ہو گا۔ تسنیم نے 2015 میں ترسیل عامہ میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی تھی۔ ان کے ویڈیو کو ماریشس میں واقع انڈیا مشن نے 33 ممالک سے موصول ہونے والی انٹریز میں عمدہ ترین قرار دیا۔
تسنیم نے کہا ”مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ایک دن میرے ویڈیو بلاگ کو مو¿قر ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ میں نے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اے ایم یو کی نمائندگی کی ۔ میری کامیابی ترسیل عامہ شعبہ میں میرے اساتذہ کی مرہون منت ہے ، جہاں مجھے عملی تربیت حاصل ہوئی“۔
تسنیم نے کہاکہ مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اے ایم یو میں ساتھ ساتھ رہتے ہیں اور کثرت میں وحدت کی مثال پیش کرتے ہیں ۔ تسنیم خود بھی اپنے ویڈیو میں ہولی تیوہار کے دوران شاداں و فرحاں ماحول میں دوستوں پر رنگ ڈالتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو میں انھوں نے کشمیر کی وازوان وادی، منالی کے حسین نظاروں اور ہمالیہ کی چوٹیوں ، دہلی کے بازاروں اور باغات، راجستھان کے قلعے اور محلات ، رشی کیش کے ایڈونچرز، بابا رام دیو کے یوگا کلاس اور کیلاش کھیر کے موسیقی ریز پروگرام کے بارے میں دلکش پیرائے میں بیان کیا ہے۔ انھوں نے اپنے ویڈیو میں ہندوستان کے ذائقہ دار پکوانوں، طرز بودو باش، عبادت کے طریقوں، فنون لطیفہ، تعمیراتی ورثہ اور جغرافیائی تنوع کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان میں حسن الگ الگ رنگوں میں ظاہر ہوتا ہے ، آپ جتنا تلاش کریں گے اتنا سامنے آتا جائے گا۔