علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی سرسید اکیڈمی میںمنعقدہ ایک تقریب میں اے ایم یو کے سابق طالب علم عاطف حنیف (ایم بی اے، 1999) کی مرتب کردہ کتاب ’ڈسکورنگ اے ایم یو سینٹینری چیپٹرس، ہنڈریڈ پلس ایئرس آف لیگیسی‘
(Discovering AMU Centenary Chapters revealing 100+years of legacy) کا اجراءعمل میں آیا۔ قابل ذکر ہے کہ اے ایم یو کے صدی سال کی مناسبت سے یہ کتاب مرتب کی گئی ہے۔
عاطف حنیف برانڈ مارکیٹنگ کے پیشہ سے وابستہ ہیں اور وہ اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن لکھنو¿ چپیٹر کے جوائنٹ سکریٹری ہیں۔ انھوں نے دو جلدوں میں مذکورہ کتاب ترتیب دی ہے جس میں تصاویر کی مدد سے اے ایم یو کی سو سالہ تاریخ پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ تصاویر دنیا بھر میں موجود اے ایم یو کے سابق طلبہ نے فراہم کرائی ہیں۔
سرسید اکیڈمی کے ڈائرکٹر پروفیسر علی محمد نقوی نے اپنی صدارتی تقریر میں عاطف حنیف کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ سرسید اکیڈمی ، یونیورسٹی کی صدی تقریبات کے انعقاد میں اہم رول ادا کررہی ہے۔ پروفیسر سعود عالم قاسمی (ڈین، فیکلٹی آف تھیولوجی) نے معلومات کے حصول اور انھیں ترتیب دینے میں مسٹر حنیف کی محنت کو سراہا۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے پرنسپل پروفیسر ایم ایم سفیان بیگ نے بھی مرتب اور ان کے رفقاءکی کاوشوں کی ستائش کی۔ پی آر او عمر پیرزادہ، ڈاکٹر فرحان فاضلی، ڈاکٹر ریحان اختر، انوشا خان، عادل کریم، ڈاکٹر ایس حسین حیدر، ڈاکٹر ندیم اشرف، ڈاکٹر آفتاب عالم نجمی اور نجم الحسن رضوی نجمی نے بھی اظہار خیال کیا۔
سرسید اکیڈمی کے ڈپٹی ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد شاہد نے کلمات تشکر ادا کئے۔ اس موقع پر متعدد اساتذہ اور غیرتدریسی عملے کے اراکین موجود تھے۔ نظامت کے فرائض عاطف حنیف نے انجام دئے۔