علی گڑھ، 13مئی: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے جدید ہندوستانی زبانوں کے شعبہ کے مراٹھی سیکشن کے انچارج ڈاکٹر طاہر ایچ پٹھان نے ممبئی یونیورسٹی کے مراٹھی شعبہ کے زیر اہتمام ’ریسرچ اسکالروں کے لئے مراٹھی میں تحقیقی طریقہ کار‘ پر ایک آن لائن لیکچر میں تحقیق کے مختلف مراحل پر گفتگو کی۔ انہوں نے مراٹھی ادب میں موضوع کے انتخاب اور تجزیہ کے لئے مخصوص طریقہ کار اور تکنیکوں کا ذکر کیا۔
ڈاکٹر طاہر پٹھان نے کہا ”تحقیق میں خیالات کی وضاحت کے لیے مختلف طریقے استعمال کیے جاتے ہیں، لیکن طریقہ کار کا انتخاب خالصتاً محقق پر منحصر ہوتا ہے ۔ اصولی طور سے ایک محقق کے طریقہ کار میں ڈاٹا حاصل کرنے کے مستند طریقے ہونے چاہئیں جن کی بنیاد پر درست فیصلے کیے جاسکتے ہیں“۔
انھوں نے مزید کہاکہ زبان سیکھنے سے متعلق تحقیق میں مثال کے طور پر لفظ و معنی پر مبنی تعلیم، غیرتدریسی سرگرمیوں، ٹکنالوجی، فلپڈ کلاس روم، ٹیم ٹیچنگ جیسے عناوین پر توجہ دی جانی چاہئے۔ ڈاکٹر طاہر ایچ پٹھان نے شرکاءکے سوالوں کے جواب بھی دئے۔