اے ایم یو کے سابق طالب علم کوحاصل ہوئی بڑی کامیابی

یارک یونیورسٹی میں ریسرچ کے لئے اسکالرشپ سے نوازا گیا علی گڑھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق طالب علم عبدالصبور قدوائی کو دنیا کی مشہور یونیورسٹی آف یارک میں انگریزی میں پی ایچ ڈی کے لیے اسکالرشپ سے نوازا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ عبدالصبور قدوائی نے اے ایم یو میں بی اے آنرز اور ایم اے انگلش میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ اس سے قبل انہیں ایس او ایس یونیورسٹی آف لندن میں تقابلی ادب میں ایم اے کرنے کے لئے باوقار کامن ویلتھ اسکالرشپ سے نوازا جا چکا ہے۔عبدالصبور قدوائی، یونیورسٹی آف یارک میں گلوبل لٹریچر کی پروفیسر کلیئر چیمبرز کی نگرانی میں بیسویں صدی میں ہندوستانی مصنفین کے اردو، فارسی اور انگریزی میں تحریر کردہ برطانیہ کے سفرناموں پر کام کریں گے۔ انھوں نے اے ایم یو کے قیام پر ڈیوڈ لیلیویلڈ اور گیل مینال کے تحریر کردہ مونوگراف کااردو میں ترجمہ کیا ہے جسے حال ہی میں سرسید اکیڈمی، اے ایم یو نے شائع کیا ہے۔ شعبہ انگریزی کے چیئرمین پروفیسر ایم عاصم صدیقی نے انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اے ایم یو کے مزید طلبہ کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کیا۔
جدید تر اس سے پرانی