فورٹیفائیڈ چاول کی افادیت و ضرورت بتائی گئی
کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے طلبہ فورٹیفائیڈ چاول پر دئے گئے لیکچر میں شامل ہوئے
علی گڑھ، 12 مئی: جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کمیونٹی میڈیسن شعبہ کے 22پی جی طلبہ اور تین میڈیکل سوشل ورکرز کی ٹیم نے ضلع کلیکٹریٹ میں منعقدہ ایک خصوصی لیکچر میں شرکت کی جس سے انھیں فورٹیفائیڈ چاول کی افادیت و ضرورت اور تغذیہ بخش غذاو¿ں کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی ۔ اس لیکچر کا انعقاد ورلڈ فوڈ پروگرام نے کیا تھا۔
مقرر خصوصی مسٹر نرنجنا کمار نے کہا کہ ہندوستان میں کافی بچے اور خواتین غذائیت کی کمی کے شکار ہیں اور فورٹیفائیڈ چاول میں آئرن سمیت دیگر تغذیہ بخش اجزاءکا اضافہ کیا جاتا ہے تاکہ آبادی کے ایک بڑے طبقہ کی تغذیہ کی کمی کو دور کیا جاسکے۔ انھوں نے مزید کہاکہ علی گڑھ میں مارچ 2023 ءسے راشن کی دکانوں کے توسط سے لوگوں کو فورٹیفائیڈ چاول کی سپلائی متوقع ہے۔ کمیونٹی میڈیسن شعبہ کی چیئرپرسن پروفیسر سائرہ مہناز نے کہا کہ کمیونٹی میڈیسن شعبہ فورٹیفائیڈ چاول کے بارے میں آگہی پیدا کرنے میں پیش پیش رہے گا تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اس چاول کو استعمال کریں۔ اس لیکچر میں ضلع مجسٹریٹ مسز سیلوا کماری سمیت دیگر افراد موجود تھے ۔