دریاباد میں نکالی گئی ترنگا ریلی

بارہ بنکی. آزادی کے امرت مہوتسو کے پیش نظر لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں ترنگا لگانا شروع کر دیا وہیں قومی پرچم کے ساتھ ریلیاں نکال کر 75ویں یوم آزادی کو جوش و خروش کے ساتھ منانے کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلہ میں آج ضلع بارہ بنکی کے قصبہ دریاباد میں بھی 75ویں یوم آزادی کے امرت مہوتسو کو کامیاب بنانے کی غرض سے سابق چیئرمین سید انوار عظیم کی ہدایت پر شان و شوکت کے ساتھ صبح ساڑھے نو بجے موٹرسائیکل سے ترنگا یاترا نکالی گئی،یہ ریلی عظیم کے کیمپ آفس سے شروع ہو کر اسٹیشن روڈ،چھوٹی نہر،محلہ کٹرہ،املی چوراہا سے محلہ چودھریان،دانا شاہ سے گزر کر نئی بازار،ٹیڑھی بازار مین چوراہا ہوتے ہوئے محلہ مردہان سامنے پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی،جلوس کے دوران ڈی جے سے قومی ترانہ،حب الوطنی پر مشتمل گیت لگائے گئے اور ریلی میں شامل تمام لوگ ہندوستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے چلتے رہے۔ بعدہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین کے نمائندہ جمشیر خان بھٹو نے کہا کہ کشمیر سے کنیا کماری تک کوئی درخت ایسا نہیں تھا جس میں علماؤں کی گردنیں نہیں لٹک رہی تھی،یوم آزادی ہمیں اکابرین کی قربانیوں کی یاد دلاتی ہے کہ کس طرح ان لوگوں نے انگریزوں کے چنگل سے اس ملک کو آزاد کرایا ہے،اس لئے ہم سب کو یوم آزادی شان و شوکت کے ساتھ منانا چاہیے اور فرقہ پرست طاقتوں کو باآور کرانا چاہیے کہ جنگ آزادی میں ہم ہی لوگ صف اول میں تھے،اور ہمارے اکابرین کی قربانیوں کی بدولت یہ ملک آزادی سے ہمکنار ہوا ہے۔ مزید کہا کہ امرت مہوتسو کو کامیاب بنانے کے لئے یہ ترنگا یاترا نکالی گئی،میری تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ اپنے گھروں میں ترنگا لگائیں اور جوش و خروش کے ساتھ یوم آزادی منائیں۔ جلوس نکالنے میں پولیس انتظامیہ نے اپنا بھر پور تعاون پیش کیا،جس پر جلوس کے ذمہ داران نے پولیس اہلکار کا شُکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شکیل قدوائی،محمد کامل،شہزاد احمد،محمد ایاز،امیش یادو،افسر علی اچھن،شیخ نبیل احمد،شارق مصطفٰی،عامر افسر،محمد ارشد،محمد اکرم،ارحم قدوائی،محمد ہارون راعین،محمد نذیر،منے انصاری کے علاوہ کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔
جدید تر اس سے پرانی