پروفیسر شکیل احمد اقوام متحدہ زیر زمین آب سمٹ میں حصہ لینے فرانس روانہ
ہندوستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ پروفیسر عین الحسن کے ہاتھوں ورکشاپ کا آن لائن افتتاح
حیدرآباد، 5 دسمبر (پریس نوٹ) یونیسکو کی جانب سے اس کے ہیڈ کوارٹر پیرس میں اقوام متحدہ منعقدہ واٹر سمٹ 6 تا 8 دسمبر اور جنوبی فرانس میں واقع شہر مانٹپلیر میں زیر زمین آب پر ایک ورکشاپ کے لیے ہندوستانی وفد فرانس کے دورہ پر روانہ ہوا ہے۔ اس کی قیادت مولانا آزاد نیشنل اردو کے اسکول آف سائنسس کے ممتاز واٹر سائنٹسٹ پروفیسر شکیل احمد کر رہے ہیں۔ پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر، مانو 8 دسمبر کو ورکشاپ کا آن لائن افتتاح کریں گے۔ اس وفد میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف سائنسس (آئی آئی ایس)، انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)، سی ایس آئی آر۔ این جی آر آئی، مرکزی زیر زمین آب بورڈ، مختلف مرکزی و ریاستی جامعات کے واٹر سائنٹسٹ و اساتذہ و ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔
پیرس میں سمٹ کے اختتام کے بعد یہ وفد جنوبی فرانس کے شہر مانٹپلیر روانہ ہوں گے۔ جہاں 8 دسمبر سے وفد فرانسیسی ماہرین کے ہمراہ ورکشاپ میں حصہ لیں گے۔ اس میں زیر زمین آب کی صورت حال، عالمی سطح پر موسموں کی تبدیلی وغیرہ پر مباحث ہوں گے۔ اس کے بعد ان مسائل کے لیے 5 تا 6 کثیر موضوعاتی و کثیر ادارہ جاتی پراجیکٹ تیار کرتے ہوئے فنڈنگ کے لیے پیش کریں گے۔
پروفیسر شکیل احمد، مانو اور ڈاکٹر وی ایم تیواری ، سی ایس آئی آر- این جی آر آئی کوآرڈنیٹ کریں گے۔ جب کہ ڈاکٹر پیٹرک لیشیشین ، یونیورسٹی آف مانٹپلیئر فرانسیسی ٹیم کی قیادت کریں گے۔