اُردو یونیورسٹی میں انٹرنیشنل امیونولوجی ڈے کا اہتمام
حیدرآباد، مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی ، اسکول برائے سائنسی علوم (صیغۂ حیوانیات) کے زیر اہتمام ، انڈین امیونالوجی سوسائٹی، آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (ایمس)، نئی دہلی کے اشتراک سے انٹرنیشنل امیونولوجی ڈے (یومِ جسمانی قوت مدافعت) کا کل مانو میں اہتمام کیا گیا۔ اس کا مقصد متعدی و غیر متعدی امراض سے حفاظت میں قوتِ مدافعت کی اہمیت کے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا۔ زائد از 100 شرکاءنے آن لائن اور آف لائن ذریعہ سے اس پروگرام میں حصہ لیا۔
امیونولوجی کی ماہر پروفیسر شرمشٹا بنرجی، یونیورسٹی آف حیدرآباد نے ”مدافعتی نظام، انفیکشن کے خلاف آپ کی ڈھال“ کے زیر عنوان لیکچر دیا۔ انہوں نے اس میں قوتِ مدافعت کے متعلق بنیادی تصورات پیش کیے اور مدافعتی نظام کو بہتر بنانے کے مختلف ذرائع کا ذکر کیا۔انہوں نے اس سلسلے میں ٹیکہ اندازی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
مہمانِ خصوصی پروفیسر صدیقی محمد محمود، او ایس ڈی II نے صحت مند طرزِ زندگی کے ذریعہ قوتِ مدافعت کے حصول کے متعلق شعور بیداری پر زور دیا۔
پروفیسر پروین جہاں، آرگنائزنگ سکریٹری نے انٹرنیشنل امیونالوجی ڈے کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور امسال کے موضوع ”عوامی صحت کے لیے قوتِ مدافعت کی اہمیت“ کا ذکر کیا۔ پروفیسر سلمان احمد خان، ڈین اسکول برائے سائنسی علوم نے خیر مقدم کیا۔ افتتاحی اجلاس کے بعد حیدرآباد کے مختلف کالجوں کے طلبہ کے لیے پوسٹر سازی اور زبانی پیشکش مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر راجیہ شری، وی وی کالج، عثمانیہ یونیورسٹی اور ڈاکٹر عارف احمد، اسسٹنٹ پروفیسر، مانو نے حکم کے فرائض انجام دیئے۔ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔